کاروار:28؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات کےمطابق 3جنوری سے بچوں کو کووڈ ٹیکہ اور ترجیح والے محکمہ جات عملے کو بوسٹر ڈوز دینے کے لئے ضلع محکمہ صحت عامہ تیاری میں ہے۔ ضلع میں 15سے 18سال تک کے 70 سے 75ہزار بچے ہونے کا اندازا لگایا گیا ہے۔
ترجیحات والےمحکمہ جات کے 77302افراد کو ٹیکہ دیاجائے گا۔ جس میں 15284لوگ محکمہ صحت عامہ کے کارکنان ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ 10997صف اول کےکارکنان اور 60سال سےزائد عمروالے ، مختلف امراض میں مبتلا 51021افراد شامل ہونےکی جانکاری آر سی ایچ اؤ کے ڈاکٹر کیاپٹن رمیش راؤ نے جانکاری دی ۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو ٹیکہ دینےوالے طریقہ کار کے متعلق اگلے دو تین دنوں میں ریاستی حکومت کی طرف سےرہنما خطوط ملنےکی امید ہے۔ تب تک بچوں کی حتمی تعداد سمیت پیشگی جانکاریاں حاصل کی جائیں گی ۔ اس کے بعد متعلقہ اسکولوں میں ٹیکہ مراکز کا قیام کرتےہوئے بچوں کو ٹیکہ لگوایاجائے گا۔ مختلف امراض میں مبتلا ، 60سے زائد عمر والوں کو 10جنوری سے بوسٹر ڈوز دیاجائے گا۔ اسی طرح محکمہ صحت عامہ کا عملہ اور صف اول کے سپاہیوں کو بھی ٹیکہ دئیے جانےکی بات کہی۔
ڈاکٹر رمیش راؤ نے بتایا کہ ضلع میں 18سے زائد عمر والوں کی تعداد 10.78لاکھ ہے۔ ان میں ابھی تک 10.52لاکھ افراد کو پہلا ٹیکہ دیا گیا ہے۔ 8.62لاکھ لوگوں کو دوسراٹیکہ لگایاگیاہے۔بقیہ 1.12لاکھ لوگوں کو دوسرا ٹیکہ لگوانا باقی ہے، ان کی جانکاری متعلقہ محکمہ صحت عامہ کے تعلقہ افسروں کو دی گئی ہے۔ وہ متعلقہ افراد کو فون کے ذریعے رابطہ کرتےہوئے ٹیکہ لینے کہا جا رہاہے اس کے ساتھ ساتھ ہر بدھ کو ٹیکہ میلہ منایاجارہاہے، جن کا دوسراٹیکہ باقی ہے انہیں بھی ٹیکہ دیاجارہاہے۔